بنگلورو،17؍اپریل (ایس او نیوز) کرناٹک میں ایک دن میں اب تک کے سب سے زیادہ 44 نئے کورونا کے کیسس سامنے آئے ہیں، جس کے ساتھ ہی ریاست میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 359 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق ریاست میں کل 34 معاملات سامنے آئے تھے جس کو دیکھ کر سمجھا جارہا تھا کہ یہ ایک دن میں ریاست میں سب سے زیادہ معاملات ہیں ، مگر ایک ساتھ 44 نئے معاملات نے کرناٹک کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق 359 معاملات میں اب تک 13 لوگ موت کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 88 لوگ صحت یاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج بھی ہوچکے ہیں۔
اس کے ساتھ بقیہ مریضوں میں تین آئی سی یو میں ہیں، ایک حاملہ خاتون اُڈپی میں ایڈمٹ ہیں، جبکہ دیگر مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ کرناٹک میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسس بنگلور آربن سے 42 ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر بیلگاوی ہے جہاں 40 افراد میں کورونا کے اثرات پائے گئے ہیں۔ بیدر اور گلبرگہ میں 14، باگلکوٹ اور بلاری میں 13 اور بنگلور مضافات میں 12 معاملات سامنے آئے ہیں۔
خیال رہے کہ ریاست میں اتوار کو17، پیر کو 15، منگل کو13 اور چہارشنبہ کو 19 کورونا کے مریض سامنے آئے تھے مگر جمعرات کواچانک یہ تعداد تشویش ناک حد تک بڑھ گئی اور ایک ہی دن 34 کیسس سامنے آئے، مگر آج جمعہ کواُ س سے بھی زیادہ یعنی تشویش کرنے والی خبر موصول ہوئی کہ ایک ہی دن میں 44 معاملات سامنے آئے۔آج سامنے آنے والے 44 کورونا معاملات میں سب سے زیادہ معاملے میسور سے 12 سامنے آئے ہیں جس کے بعد بنگلور سے 10، بلاری 7 بیلگاوی 5، منڈیا اور چکبالاپور 3 وجئے پورا 2 دکشن کنڑاور بیدر میں ایک ایک معاملے سامنے آئے ہیں۔
مدھول کا39 سالہ پولس اہلکار کورونا وائرس سے متاثر-
کرناٹک میں روزبروز کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اس درمیان مدھول میں 39 سالہ شخص کورونا وائرس سے متاثر ریاست کا پہلا پولیس اہلکار بن گیا ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے جاری ہیلتھ بلیٹن کے مطابق نئے کیسس میں دو مریض باگل کوٹ اور وجئے پورہ ضلع سے ہیں۔
مدھول پولیس اسٹیشن سے وابستہ اور کورونا وائرس کی ڈیوٹی کا ایک سرگرم سپاہی 39 سالہ پولیس اہلکار، دہلی کے تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شریک 10 افراد کو کورنٹائن کرنے کے بعد سے مدرسہ پر تعینات تھا۔
صحت کے حکام نے انکشاف کیا کہ مدرسہ میں دیوٹی پر تعیناتی کے دوران وہ وائرس کی زد میں آیا ہوگا۔ وہ جام کھنڈی کا ساکن ہے اور روزانہ ٹوہیلر پر سفر کیا کرتا تھا۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس لوکیش جاگلسارنے کہا کہ یہ پولیس اہلکار ایک سرگرم سپائی ہے یہ خبر پڑھ کر افسوس ہوا کہ ہمارا پولیس اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہوگیا۔
ایس پی نے واضح کیا کہ پولس اہلکار کے صحتیاب ہو کر ڈسچارج ہونے تک محکمہ اس کے اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہے۔ تاہم وہ کیسے متاثر ہوا اس کا پتا لگایا جانا باقی ہے اور جلد سے جلد تحقیقات شروع کی جائے گی۔ اولڈ باگل کوٹ ٹاؤن میں ایک اور 52 سالہ شخص کورونا سے متاثر پایا گیا جس کے تعلق سے بتایا جارہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے ایک 4 سالہ لڑ کے رابطے میں آیا تھا۔